مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے بدترین تباہی، متاثرین میں اشتعال

Floods

Floods

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بدترین سیلاب اور انتظامیہ کی لاپرواہی سے لوگوں کی حالت ابتر ہے۔ عمر بھر کی پونجی پانی میں بہہ گئی۔حکومت کی طرف سے امداد میں لاپرواہی پر لوگوں میں اشتعال بڑھتا جارہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ سری نگر میں ہر جگہ پانی کھڑا ہے اور متعدد لوگ لاپتہ ہیں۔ امدادی کاموں میں حکومت کی سستی سے لوگ سخت ناراض ہیں۔ ان کاکہنا ہے کہ وہ کئی دنوں سے پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔

لیکن بھارتی فوجی پہلے سیاحوں اور خاص خاص لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ مقامی افراد کو رضا کاروں کے رحم و کر م پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ مشتعل متاثرین نے امدادی ٹیموں پر پتھراؤ بھی کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری نگر میں ایک مسجد کے باہر لگے کیمپ میں فوجی ہیلی کاپٹر سے خوراک گرائی گئی جومتاثرین نے مسترد کرتے ہوئے ضائع کردی۔ ریلیف کیمپوں کے منتظمین کو شکوہ ہے کہ حکومت سے انہیں کوئی امداد نہیں مل رہی۔ وہ اپنے پیسوں سے کیمپ چلا رہے ہیں۔