آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کے نتیجے میں پاکستان ہمیشہ کے لیے ایک پر امن ملک بن جائے گا، وزیر اعظم نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

میران شاہ (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاک فوج شمالی وزیرستان میں ایک مشکل ترین جنگ لڑرہی ہے اور ہم اس جنگ کو جیت رہے ہیں جس پر یقین ہے کہ اس کے نتیجے میں پاکستان ہمیشہ کے لیے ایک پر امن ملک بن جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف آپریشن ضرب عضب کا جائزہ لینے میران شاہ پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا جبکہ وفاقی وزرا چوہدری نثار، عبدالقادر بلوچ اور گورنر خیبر پختونخوا مہتاب عباسی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب کی موجودہ صورتحال اور اس میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور آپریشن میں برآمد ہونے والے اسلحہ کا بھی معائنہ کرایا گیا جس پر وزیر اعظم نے آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا۔

عسکری حکام کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاک فوج نے آپریشن کے آغاز پر ہی میران شاہ کو دہشت گردوں سے کلیئر کرالیا تھا جس کے بعد میر علی، بویا، دیگان اور دتہ خیل کے علاقے بھی دہشت گردوں سے خالی کرالیے گئے ہیں۔ عسکری حکام کا کہنا تھا کہ آپریشن کی کامیابی میں پاک فضائیہ اور توپ خانے کا اہم کردار رہا جبکہ فوج کے اسپیشل سروسز گروپ نے آپریشن میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔

وزیراعظم نے پر اگلے مورچوں پر موجود فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے کو سراہا جبکہ جوانوں سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ایک انتہائی مشکل جنگ لڑرہی ہے اور یہ جنگ ایک الگ نوعیت کی ہے کیونکہ یہ وہ جنگ نہیں جو قومیں ایک دوسری قوم کے خلاف لڑتی ہیں بلکہ اس جنگ میں ہمیں ایسے دشمن کا سامنا ہے۔

جو چھپ کر وار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج جس بہادری کے ساتھ یہ جنگ لڑرہی ہے اس پر قوم کی طرف سے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس جنگ میں جتنے جوان و افسران شہید ہوئے وہ ہمارے قومی ہیرو ہیں کیونکہ انہوں نے پاکستان کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے اپنا آج قربان کردیا ہم ان خاندانوں کو بھی مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کے بچوں نے اس جنگ میں حصہ لیا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں یہ پاکستان کی بقاء اور اس کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جنگ ہے جو ایک کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور ہم اسے جیت رہے ہیں جس پر یقین ہے کہ اس کے نتیجے میں پاکستان ہمیشہ کے لیے ایک پر امن ملک بن جائے گا جبکہ پوری قوم اس جنگ پر مطمئن اور خوش ہے۔