اپوزیشن کا سینیٹ انتخابات سے متعلق آئینی ترمیم کی مخالفت کا فیصلہ

PDM

PDM

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے سے متعلق آئینی ترمیم ناکام بنانے کے لیے اپوزیشن نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔

سینیٹ انتخابات سے متعلق پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے رہنماؤں کے آپس میں رابطے ہوئے جس میں دونوں ایوانوں سے ترمیم کی منظوری روکنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق آئینی ترمیم کو دونوں ایوانوں سے منظور نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پیر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل اپوزیشن جماعتوں میں اس حوالے سے مزید مشاورت ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے آئینی ترمیم کی مخالفت کا دو ٹوک فیصلہ کر لیا ہے اور پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کا ترمیمی بل جلد بازی اور بد نیتی پر مبنی ہے، وزیراعظم نے ارکان کو ترقیاتی بجٹ نہیں رشوت دی۔