اپوزیشن سندھ کا بدھ کو تمام اضلاع میں مظاہروں کا اعلان

Sindh Assembly

Sindh Assembly

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور تحریک انصاف پر مشتمل متحدہ اپوزیشن نے پیپلز پارٹی کے خلاف کمر کستے ہوئے بے اختیار بلدیاتی قانون کیخلاف 12 جنوری کو سندھ کے تمام اضلاع میں مشترکہ احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن کراچی میں بلدیاتی قانون کے خلاف کراچی میں بڑا احتجاج کرے گی جس کی تاریخ کااعلان بعد میں کیاجائے گا، یہ اعلان متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد حسین خان، تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلال غفار اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے حیدرآباد پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایم کیوایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی جاوید حنیف ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بیرسٹر حسنین مرزا، تحریک انصاف کے کیو محمد حاکم بھی موجود تھے۔

محمد حسین خان نے کہا کہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں نے اس بل کومستردکردیا ہے، متحدہ اپوزیشن نے اس بل کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کیاہے، اس حوالے سے تینوں جماعتوں کے اراکین پر مشتمل اسٹیرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے۔

ڈویژنل سطح پر پہلا اجلاس ہفتے کو ہی حیدرآبادمیں ہوا ہے،12جنوری کوکراچی کے علاوہ سندھ کے تمام اضلاع کے پریس کلبس کے سامنے دوپہر دوبجے اس کالے بلدیاتی قانون کے خلاف مشترکہ احتجاجی مظاہرے ہونگے جس میں دیگرہم خیال جماعتیں بھی شریک ہونگیں اوراس کے بعد کراچی میں بڑا احتجاجی پروگرام کریں گے جس کی تاریخ کااعلان بعد میں کیاجائے گا۔

تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلال غفار نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت سندھ میں رائج بلدیاتی قانون کے بعد سے اب تک سندھ میں کوئی ایک ماڈل یوسی بتائے جہاں صاف پانی، سیوریج کانظام اور انفرااسٹرکچرموجودہو، پورے سندھ میں ہر جگہ مسائل ہی مسائل ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ سندھ حکومت نے تمام بلدیاتی اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے مسائل کی وجہ پیپلزپارٹی اور اس کی بیڈگورننس و کرپشن ہے، سندھ کا تمام فنڈز کرپشن کی نظرہوجاتاہے اورلوگوں کے پاس پینے کاصاف پانی تک موجود نہیں، جمہوریت کی چیمپئن بننے والی پیپلزپارٹی نچلی سطح پر اختیارات منتقل کرنے کو تیار نہیں۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جو لوٹ مار صوبائی سطح پر مچائی ہے وہ لوٹ مار بلدیاتی مقامی سطح تک مچانا چاہتی ہے لیکن ہم ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پیپلزپارٹی کالے قانون عوام دشمن بلدیاتی قانون بناکر تمام لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا موقع دیاہے، ایسی جمہوریت کا کیا فائدہ جس میں بلدیاتی منتخب نمائندے بے اختیار ہوں۔