اپوزیشن کی حکمت عملی کمزور بنانے کیلئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو اہم ٹاسک مل گیا

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

کراچی (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے وفاق اور پنجاب میں پارٹی کی حکومتوں کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی بڑھتی ہوئی سیاسی جدوجہد کو سیاسی حکمت عملی کے تحت کمزور کرنے اور سیاسی ڈائیلاگ کے لیے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو اہم ٹاسک دے دیا ہے۔

پارٹی قیادت نے چوہدری نثار علی خان کو ٹاسک دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی سیاسی صلاحیتوں کے بل بوتے پر اس اہم سیاسی ہلچل کو سیاسی طریقے سے قابو میں لائیں۔ اہم ذرائع نے بتایا کہ بعض حکومتی فیصلوں سے ناراض ہونے والے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جو تقریباً ایک ماہ کے عرصے سے حکومتی اور پارٹی امور سے غیر فعال ہوگئے تھے، ان سے گذشتہ تین دنوں سے پس پردہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حکومتی سیاسی رابطہ کار اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے طویل مذاکرات کیے اور اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات میں انھیں وزیر اعظم میاں نواز شریف کا اہم پیغام پہنچایا گیا۔

اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور پارٹی قیادت ان کی سیاسی اور حکومتی خدمات کو سراہتی ہے اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔چوہدری نثار پہلے مرحلے میں پیپلزپارٹی ،جمعیت علمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی سے رابطہ کریں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں تحریک انصاف،ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔