ہمارا اصل مقصد گو نواز گو نہیں بلکہ گو نظام گو ہے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری تحریک کا اصل مقصد ’’گو نواز گو‘‘ نہیں بلکہ ’’گو نظام گو‘‘ ہے۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ان ظالم حکمرانوں نے پورے ملک سے 30 ہزار گلو بٹوں کو بلوا کر ہمارے نوجوانوں پر تشدد کروایا اور انھیں جیلوں میں ڈالا۔

آج ساری قوم وعدہ کرے کہ ہم نے کبھی ظلم برداشت نہیں کرنا، اگر کسی بھی پاکستانی کے ساتھ ظلم ہو گا تو ساری قوم اس کے پیچھے کھڑی ہو گی۔ ایک دن آپ کی جماعت نے اقتدار میں آنا ہے اور پھر جس جس نے ہمارے نوجوانوں پر ظلم کیا ہے، ایک ایک پولیس والے کو ہم سزائیں دلوائیں گے اور جیلوں میں ڈالیں گے تاکہ آئندہ کسی کی جرات نہ ہو کہ وہ کسی پاکستانی ظلم پر کرے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج جب نواز شریف نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے تو ان کا ’’گو نواز گو‘‘ کے نعروں سے استقبال ہو گا جس سے امریکا کو بھی پتہ چلے گا کہ پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اور خصوصا طالب علم آج شام آزادی مارچ میں پہنچیں کیوں کہ یہ جنگ آپ لوگوں کے مستقبل کی جنگ ہے کیوں کہ آپ لوگوں کو ان ظالموں سے نجات لینی ہے۔

میری 18 سال کی سیاسی جدو جہد ایک طرف اور ان 44 دنوں میں آپ لوگوں نے جس ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایک طرف ہے، اس مستقل مزاجی پر پاکستانی قوم کی جانب سے آپ لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس وقت ملک میں ایک چھوٹا سا ظالم طبقہ ہے اور باقی پوری قوم مظلوم ہے جس کے کوئی حقوق نہیں ہیں لیکن جس طرح آپ لوگوں نے خوف کی رنجیریں توڑی ہیں تو آج پاکستانی قوم آزاد ہو گئی ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ جو کچھ قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں ہو رہا ہے یہ جمہوریت نہیں مک مکا ہے، اس میں عوام کے حقوق کے لئے ایک بھی لفظ نہیں کہا گیا اور نواز شریف کو بچانے کے لئے سب چور لٹیرے ایک ساتھ ہو گئے، اصل جمہوریت تو یہ ہے جو آپ لوگ کر رہے ہیں، اب یہ تحریک پاکستان کو ایک بار پھر سے چھینی ہوئی آزادی واپس دلائے گی اور اسٹیٹس کو کو صرف عوام کی طاقت سے شکست دی جا سکتی ہے۔

آج شام کو یہاں بڑا جشن منائیں گے، آج نئے انکشافات کروں گا، یہ جو دو جماعتیں گزشتہ 30 سال سے باریاں لے رہے ہیں، قوم کو بتاؤں کا کہ انھوں نے قوم کا پیسہ کس بے دردی سے لوٹا ہے، ان لوگوں کی ہوس صرف قبر کی مٹی سے بھرے گی۔