یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح کے لئے کام کرنا ہماری مذہبی اور معاشرتی ذمہ داری ہے۔ محمد عبدالشکور

Alkhidmat Foundation

Alkhidmat Foundation

اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالت یتامی پروگرام کے تحت سندھ میں ضلع مٹیاری کے علاقے ہالامیں آغوش الخدمت کی تعمیر کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیاہے۔آغوش الخدمت ہالا میں 168بے سہارا یتیم بچوں کو قیام و طعام، صحت و تعلیم اور ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔2ایکڑ رقبے پر آغوش ہوم 5مرحلوں میں مکمل ہوگا،پہلے مرحلے میں باؤنڈری وال،گارڈ روم اور فلٹریشن پلانٹ کی تعمیر کا کام مکمل ہو گیا ہے۔اگلے 4مراحل میں ایڈمن بلاک، ٹرانسفر،جنریٹر، آرفن ہاسٹل، اسٹور روم اور پارک و پلے ایریا پر کام شروع ہو گا۔آغوش ہوم میں کل 28کمرے تعمیر کیے جائیں گے۔

آغوش الخدمت ہالا منصوبے پر کل اخراجات کا تخمینہ 7کروڑ26لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔اس وقت الخدمت آغوش سینٹرز اٹک،راولپنڈی،اسلام آباد(گرلز)، راولاکوٹ، باغ،پشاور، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان،گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں 730بچے قیام پذیر ہیں جبکہ ان سنٹرز میں مجموعی طور پر 965یتیم بچوں کی گنجائش موجود ہے۔اسی طرح آغوش سنٹرز مری، کراچی اور دیرکے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے مخیر حضرات کی جانب سے یتیم بچوں کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح کے لئے کام کرناہماری مذہبی اور معاشرتی ذمہ داری ہے۔لہذا معاشرے کے ہر فرد کو اپنی بساط کے مطابق اس نیک مقصد میں بڑھ چڑھ کر اپناکردار ادا کرنا چاہیے۔

برائے رابطہ:
ایس ۔اے ۔ شمسی
0333-5243334