پی پی 150 میں دوبارہ گنتی ،بغیر مہر اوردستخط والے بیلٹ پیپرز برآمد

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی کے حلقہ 150 میں دوبارہ گنتی کے دوران ایسے بیلٹ پیپر بھی برآمد ہوئے جن پر الیکشن کمیشن کی مہر ہے نہ پولنگ افسروں کے دستخط، تحریک انصاف کے امیدوار مہرواجد عظیم نے انتخابی عمل مشکوک قرار دیا۔ نون لیگ کے امیدوار میاں مرغوب احمد کہتے ہیں مخالف امیدوار پہلے مطمئن تھے نہ آئندہ ہونگے۔ چیف الیکشن کمشنر کے حکم سے لاہور کے حلقہ پی پی 150 میں دوبارہ گنتی جاری ہے۔ اس موقع پر ریٹرننگ افسر اور امیدوار بھی موجود رہے۔ دوسرے روز 147 پولنگ میں سے 99 پولنگ اسٹیشنوں کی گنتی کی گی۔

گنتی کے دوران ایسے بیلٹ پیپرز بھی سامنے آئے جن پر پولنگ آفیسرز کی مہر ہے نہ دستخط ،تحریک انصاف کے امیدوار نے مہرواجد عظیم نے اسے کھلی دھاندلی قرار دیا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں مرغوب احمد کا کہنا ہے وہ دوبارہ گنتی کے نتائج کھلے دل سے تسلیم کریں گے، لیکن مخالف امیدوار شکست برداشت کر نے کاحوصلہ نہیں رکھتے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایسے بیلٹ پیپرز جن پر مہر اور دستخط نہیں، انہیں مسترد کیا جارہا ہے۔پنجاب اسمبلی کے حلقہ 150 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کل مکمل ہوگی۔ مسلم لیگی امیدوار نے دوبارہ گنتی پر اطمینان جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔