پاکستان: کورونا کیسز میں بتدریج کمی، مثبت کیسز کی شرح 3.02 ہو گئی

Pakistan Corona Cases

Pakistan Corona Cases

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 58 افراد انتقال کر گئے جب کہ وائرس کے یومیہ کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 3.02 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 49285 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1490 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 58 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.02 فیصد رہی۔

ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 21323 ہوگئی اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 33 ہزار 630 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 64 ہزار 931 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔