پاکستان: کورونا سے 65 اموات، مثبت کیسز کی شرح میں کمی

Pakistan Corona Deaths

Pakistan Corona Deaths

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 65 افراد انتقال کر گئے اور 2700 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 59076 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2724 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 65 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.6 فیصد رہی۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح گزشتہ 10 ہفتوں کے دوران رپورٹ ہونے والی کم شرح ہے۔

اس سے قبل 10 مارچ کو پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.5 ریکارڈ کی گئی تھی۔

ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 20465 افراد انتقال کرچکے ہیں اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 8 ہزار 576 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 27 ہزار 843 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 12 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔