پاکستان میں کورونا سے جاں بحق 80 فیصد افراد کو دیگر بیماریاں بھی تھیں، معید یوسف

Moeed Yusuf

Moeed Yusuf

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دنیاکی نسبت کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد کم ہے اور ملک میں وائرس سے جاں بحق ہونے والے 80 فی صد افراد کو دیگر بیماریاں بھی تھیں۔

وائرس کی صورت حال سے متعلق میڈیا بریفنگ معیدیوسف کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی مقامی منتقلی کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس 63 فی صد مقامی طور پر منتقل ہوا۔ ملک میں کورونا وائرس وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی شرح 1 اعشاریہ 9 فی صد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے اپریل کے آخر تک کورونا ٹیسٹ کی استعداد 20 ہزار ہو جائے اس کے ذریعے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی اور ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جانے میں مدد ملے گی۔ موجودہ حالات میں تاجر اور صنعت کارسماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

معاون خصوصی برائے سلامتی امور نے بتایا کہ دنیا بھر میں پھنسے پاکستانیوں کو مرحلہ وار واپس لایا جا رہا ہے۔افغانستان سے پاکستانیوں کے 500،500 افراد کے گروپ کو لایا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات سے اسی ہفتے 17 پروازوں سے پاکستانیوں کو وطن واپس لائیں گے۔ ترکی، امریکا، آسٹریلیا، قطر اور دیگر ممالک کے لیے خصوصی پروازیں چلائیں گے۔جہاں پی آئی اے کی رسائی نہیں، وہاں دوسری ایئرلائنز کی مددلیں گے۔