افواج پاکستان تمام خطرات سے لڑنے کیلئے تیار ہیں: آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سیاچن کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ کچھ وقت بھی گزارا۔

ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان تمام خطرات سے لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ ملکی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے دورے کے دوران جنرل راحیل شریف نے سیاچن میں شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے دنیا کے بلند ترین محاذ پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ کچھ وقت بھی گزارا۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک آرمی ہر قسم کے خطروں کا سامنا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ مادر وطن کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ مسلح افواج اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں اور تربیت پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ کسی بھی چیلنج کا جواب دیا جا سکے۔