پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر ہر صورت عمل ہو گا، شاہد خاقان

Shahid Khaqan

Shahid Khaqan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر ہر صورت عمل ہو گا، سردیوں میں گھریلو صارفین کو کھانے پکانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ وہ اِسی ماہ ایران جائیں گے اور اپنے ایرانی ہم منصب سے گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد اور گیس کی قیمت پر بات کریں گے۔

وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہو گی ،گیس چوری کی روک تھام کیلئے بھاری سزاوں پر مبنی آرڈیننس جلد آجائے گا۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ عمران خان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کی بجائے قابل عمل حل بتائیں، اس پر عمل درآمد کرنے کو تیار ہیں، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر حقیقت پسندانہ رویہ اپنایا ہے، ورنہ نئے نوٹ چھاپنا پڑتے جس سے مہنگائی بڑھتی۔