پاکستان میں 2013 میں 7 صحافی قتل ہوئے، صحافیوں کی عالمی تنظیم کی رپورٹ

 Journalist Murder

Journalist Murder

پیرس (جیوڈیسک) پاکستان میں حکومت صحافیوں کے قتل میں انصاف کی فراہمی میں دلچسپی نہیں رکھتی، 2013 میں 7 صحافی قتل ہوئے جن میں سے 4 کا تعلق بلوچستا ن سے تھا۔

صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز ساں فرنٹیئر نے دنیا بھر میں صحافیوں پر ہونے والے تشدد اور آزادی صحافت پر عائد پابندیوں کے بارے میں سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ میں پاکستان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال 2013 کے دوران پاکستان میں اپنے پیشے کی وجہ سے کم سے کم سات صحافیوں کو قتل کیا گیا۔

قتل کیے جانے والے چار صحافیوں کا تعلق بلوچستان سے تھا ، جن میں محمد اقبال، سیف الرحمن، عمران شیخ اور محمود احمد آفریدی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بلوچستان کو پاکستان کا مہلک ترین صوبہ قرار دیا گیا ہے۔ تنظیم نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ پاکستان کی حکومت صحافیوں کے قتل کے واقعات میں انصاف کی فراہمی میں دلچسپی نہیں رکھتی۔