پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں بدعنوانیوں کا انکشاف

Medical

Medical

لاہور (جیوڈیسک) لاہور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں کروڑوں روپے کی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے آڈٹ سے متعلق دستاویزات دنیا نیوز نے حاصل کر لیں۔

دستاویزات کے مطابق پی ایم ڈی سی نے امتحان میں فیل ہونے والے پچاس ڈاکٹروں کو جعلی رجسٹریشن جاری کی۔ ان افراد نے بیرون ممالک تعلیم حاصل کی تھی۔ پی ایم ڈی سی نے سامان کی خریداری میں بھی خوردبرد کی جبکہ کروڑوں روپے کی غیرقانونی ادائیگیاں بھی کی گئیں۔

آڈٹ کے دوران ملک بھر میں سولہ غیرقانونی اور بوگس میڈیکل کالجز کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ بوگس میڈیکل کالجز کو جعلی دستخطوں کے ذریعے رجسٹر کئے گئے جبکہ میڈیکل کی بنیادی سہولیات سے محروم کالجز کو بھی میڈیکل کالجز کا درجہ دیا گیا۔