پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے راولپنڈی میں تبدیلی رضاکار کے بہیمانہ قتل کے خلاف شدید احتجاج کیا

چکوال : پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے راولپنڈی میں تبدیلی رضاکار کے بہیمانہ قتل کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے اور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایم این اے کے امیدوار راجہ یاسر سرفراز ایم پی اے کے امیدوار پیر شوکت کرولی، ضلعی جنرل سیکرٹری ملک شاہد اقبال ایڈووکیٹ اور ضلعی صدر اسلامک سٹوڈنٹس فیڈریشن چوہدری احسن زاہد نے پی ٹی آئی کے تبدیلی رضا کار واثق علی کے قتل کی شدید مذمت کی۔

رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی کے دہشت گردوں نے واثق علی کو سینے پر گولیاں مارکر شہید کیا۔رہنمائوں نے کہا کہ نیا پاکستان بننے سے روکنے کے لیے ملک دشمن عناصر اس طرح کی وارداتوں پر اتر آئے ہیں۔

رہنمائوں نے کہا کہ جس وقت پاکستان بنا تو اس وقت قیام پاکستان کی جدوجہد میں کئی جانیں قربان ہوئی تھیں اسی طرح اب نئے پاکستان بننے کے لیے بھی جانوں کے نذرانے پیش کیے جا رہے ہیں اور ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی طاقت اب نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتی۔