پاکستان تحریک انصاف پنجاب لوکل گورنمنٹ سب کمیٹی کا اجلاس کنوینئر پنجاب فریدالدین احمد کی صدارت میں پنجاب آفس میں منعقد ہوا

چکوال : پاکستان تحریک انصاف پنجاب لوکل گورنمنٹ سب کمیٹی کا اجلاس کنوینئر پنجاب فریدالدین احمد کی صدارت میں پنجاب آفس میں منعقد ہوا ، اجلاس میں کمیٹی کے سیکرٹری ندیم قادرب ھنڈر، سابقہ ضلعی ناظمین ٹوبہ ٹیک سنگھ سے چوہدری اشفاق احمد، ناروال سے کرنل (ر) جاوید کاہلوں، سیالکوٹ سے میاں نعیم جاوید ، لاہور سے سابقہ ٹائون ناظم طارق ثناء باجوہ اور لاہور کینٹ سے سابقہ ایم پی اے حاکم علی بھٹی نے شرکت کی۔

اجلاس میں لوکل گورنمنٹ سسٹم پر ممبران نے اپنی اپنی تجاویز دیں ۔ تحریک انصاف کا وژن ہے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں، لوکل گورنمنٹ سسٹم میں اختیارا ت زیادہ سے زیادہ نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں عوام کو حق حاصل ہو کہ وہ اپنے فیصلے خود کریں اور انتظامی اور مالیاتی اور سیاسی امور کے فیصلے خود مختار حیثیت سے کرنے کا بھی حق رکھتے ہوں ۔ تحریک انصاف ایک مثالی لوکل گورنمنٹ سسٹم لانا چاہتی ہے جو کہ عوام مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں معاون ثابت ہوسکیں۔

اجلاس سے فریدالدین احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی سطح جن ممالک نے ترقی کی ہے انہوں نے اپنے اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا، ایک بہترین اور مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم کی عدم موجودگی میں کبھی ملک ترقی نہیں کر سکتا اور اداروں کو پھلنے پھولنے اور پائوں پر کھڑے ہونے کا موقع نہیں ملتا۔ اس لئے بہترین لوکل گورنمنٹ سسٹم پاکستان کے آئین کے اندر آزاد اور خود مختار ہو اور اس پر ہرحال میں تحریک انصاف عملدر آمد کرنے کے لئے مضبوط ارادہ کئے ہوئے ہے۔