پاکستان پیپلز پارٹی ملکی وحدت کی علامت ہے، شہر قائد کا آئندہ میئر جیالا ہوگا، شیخ محمد سعید

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی کے صدر شیخ محمد سعید چاولہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے مظلوم عوام کی واحد نمائندہ جماعت اور پاکستان کے وحدت کی علامت ہے ، شہر کراچی کا آئندہ میئر پاکستان پیپلز پارٹی کا جیالا ہوگا ،کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں شہر کی ترقی اور عوامی خدمات کی انجا م دہی کے لئے بلدیاتی انتخاب میں ڈسٹرکٹ ایسٹ سمیت کراچی کی ہر بلدیاتی سیٹ پر پیپلز پارٹی الیکشن لڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ سٹی ایریا PS-120 کے رہنماء سید امجد علی شاہ کی جانب سے گولڈن ٹائون میں کارکنان کے اعزاز میں دیئے گئے عید ملن پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے نائب صدر حمید انصاری ،وسیم احمد علوی، افتخاراور میزبان سید امجد علی شاہ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر تقریب میں PS-120کے جنرل سیکریٹری اختر حسین بلوچ، امتیاز مغل، سلیم انصاری، حبیب شاکر، ساتھی جمیل ،ابو بکر بن محبوب ،مولانا ابوالفتح،غلام نبی(گلابی)، خرم علی شاہ، خاور علی شاہ اور دیگر کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی شاہ فیصل کالونی کے کارکنان، ہمدردوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شیخ محمد سعید چاولہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ چیئر مین بلا ول بھٹو کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ترقی اور خوشحالی کا انقلاب لائے گی انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں اور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے نائب صدر حمید انصاری نے کہاکہ بھٹو ازم پر عمل کرکے ہی پاکستان کو معاشی ترقی ،عوامی خوشحالی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اس موقع پر میزبان سید امجد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیئر مین بلا ول بھٹو کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کو پاکستان کی سب سے بڑی عوامی نمائندہ جماعت بنائیں گے۔