کراچی : رینجرز آپریشن کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ بھی جاری، خاتون سمیت 3 جاں بحق

Karachi Ranger

Karachi Ranger

کراچی(جیوڈیسک)کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیاجبکہ مختلف پرتشدد اور فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔رات گئے لیاری کی گل محمد لین، سنگو لین، آٹھ چوک ، شاہ بیگ لین اور بہاری گلی سمیت اطراف کے دیگر علاقوں میں رینجرز کی بھاری نفری نے ٹارگٹڈ آپریشن کا آغاز کیا۔

علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کرکے تلاشی کا عمل شروع کیا گیا، آپریشن میں رینجرز کی خواتین اہلکاروں اور انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے بھی حصہ لیا، اس دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، حراست میں لئے گئے افراد کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

ادھر کراچی کے علاقے لیاری میں علی الصبح میرا ناکہ کے قریب سے دو افراد کی لاشیں ملیں جن کی عمریں چھبیس اور پینتالیس سال اور انہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔مقتولین کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب رات گئے ملیر کے علاقے رفاہ عام سوسائٹی میں خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیاہے تاہم شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔