پاکستان کے عوام غیر محفوظ اور حکمران انتقام لینے میں مصروف ہیں ‘ محمد رئیس

کراچی: کوئٹہ ہزارہ ٹاؤن دھماکے میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے معروف سیاسی و سماجی رہنما اور حلقہ پی ایس 128لانڈھی سے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی محمد رئیس نے کہا ہے کہ جب سے دہشتگردوں سے مذاکرات کے حامی اقتدار میں آئے ہیں دہشتگردی بڑھتی ہی جارہی ہے اور پاکستان کے عوام مکمل طور پر غیر محفوظ ہوچکے ہیں ۔

کیونکہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور عوام کو تحفظ کی فراہمی کی بجائے اپنی ساری قوت و توانائی مشرف کو غدار قرا دیکر سزا دلانے پر مرکوز کئے ہوئے ہے جس کی وجہ سے دہشتگردوں کے حوصلے بڑھ رہے ہیں اورپاکستان کے عوام نشانہ بن رہے ہیں حالانکہ مشرف کے جن اقدامات کو غیر آئینی اور غداری قرار دیا جارہا ہے ان اقدامات کی وجہ سے دہشتگردوں کا نیٹ ورک ٹوٹ گیا تھا۔

عوام کو دہشتگردی سے کسی حد تک نجات بھی ملی تھی اور پر امن صورتحال کی وجہ سے نہ صرف عوام کے مسائل حل ہورہے تھے بلکہ ملک میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ بھی تھا مگر سابق حکومت کی بداعمالیوں کے باعث سب کچھ تباہ ہوچکا ہے اور رہی سہی کسر اب موجودہ حکمرانوں کی منتقم مزاجی اور دہشت گردوں کیلئے نرم رویئے کے باعث پوری ہورہی ہے ۔