پاکستان جنوبی افریقہ : پہلا ٹی 20کل ڈربن میں کھیلا جائے گا

Pak Africa

Pak Africa

پاکستان(جیوڈیسک)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی کل ڈربن میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کپتان میچ میں کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔

کپتان بدل گئے لیکن میدان وہی ہیں۔ ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت مصباح الحق اور جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ تھے۔ طویل دورانیئے کی کرکٹ میں تو پاکستان کے ہاتھ کچھ نہ آیا لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں قومی ٹیم سے امیدیں وابستہ کی جارہی ہیں۔

محمد حفیظ کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ڈربن کے میدان میں جنوبی افریقہ سے پنجہ آزمائی کرے گی۔ سیریز کے لئے شاہد آفریدی، عمر اکمل، کامران اکمل، شعیب ملک اور وہاب ریاض نے اسکواڈ جوائن کرلیا ہے جس سے ٹیم متوازن ہوگئی ہے۔

میچ کے لئے کھلاڑی آج بھرپور پریکٹس کررہے ہیں۔ کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کی شکست کو ٹی ٹوئنٹی میچز پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے۔

جنوبی افریقہ بہترین ٹیم ہے اور انہیں ہوم گرانڈ کا ایڈوانٹیج بھی حاصل ہوگا لیکن پاکستانی کھلاڑی بھی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب فف ڈو پلیسی پاکستان کے خلاف پہلی بار کپتانی کریں گے۔ ٹیسٹ سیریز میں حصہ لینے والے پانچ کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔

ڈو پلیسی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں،، ٹی ٹوئنٹی میں بھی فتح حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی مضبوط ٹیم ہے اس لئے محتاط ہو کر کھیلنا ہوگا۔