اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ کی جانب سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس ایجنڈے کیلئے پاکستان سٹیل کی سمری بھجوا دی گئی ہے جس میں ادارے کی نجکاری سمیت حکومتی سرپرستی میں ادارہ چلانے کیلئے 20 ارب روپے کا بیل آوٹ پیکچ دینے کی تجاویز شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے جمعرات سے شروع ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے کیلئے پاکستان سٹیل کی خراب مالی حالت سے متعلق سمری بھجواں دی گئی ہے۔ جس میں ادارے کو مکمل حکومتی سرپرستی میں چلانے کیلئے فوری طور پر 20 ارب روپے کا بیل آوٹ پیکیچ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
جبکہ سمری میں پاکستان سٹیل کے 26 فیصد حصص یا مکمل نجکاری کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سٹیل کی جانب سے بھیجی گئی سمری وزارت پیداوار نے وزارت خزانہ کو ارسال کی تھی جس میں ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی، یوٹیلیٹی بلز، خام مال کی خریداری کیلئے فوری طور پر مالی معاونت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔