پاکستان کی تاریخ میں اتنے ترقیاتی کام کسی دور میں نہیں کروائے گئے۔چوہدری پرویز الٰہی

گجرات (جی پی آئی )مسلم لیگ قائداعظم کے دور اقتدار میں جتنے ترقیاتی کام پائیہ تکمیل تک پہنچے ہیں ، پاکستان کی تاریخ میں اتنے ترقیاتی کام کسی دور میں نہیں کروائے گئے ، تعلیم و تربیت فوری انصاف ، طبی سہولیات ، ریکارڈ تعمیر و ترقی کے کام مکمل کیے گئے ، مخالفین کے پاس عوام کے سامنے جانے کیلئے کچھ نہیں ہے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے یونین کونسل 53میں سابق ناظم راجہ محمد سکندر کی طر ف منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ن لیگ کے نمائندے گونگے بہرے ہیں ، یہ لوگوں کی آواز نہیں بن سکتے ، نمائندگی کیا خاک کریں گے ، مسلم لیگ قائداعظم کو دیا گیا ووٹ گجرات کی عزت آنر میں اضافہ کرے گا ، مسلم لیگ قائداعظم کے خلاف ووٹ کا فائدہ صرف لاہور کو ہو گا ، پنجاب میں مخالفین کو کام کرنے کا موقع ملا مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا ، ہمارے کام آج بھی بول رہے ہیں ، مسلم لیگ قائداعظم کا دور مثالی تھا ، سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین ہمارے دور کے بنائے گئے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا کر لوگوں کے دل جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں ، مگر انہیں پتہ نہیں لوگوں کے دل ایسے نہیں کام کر کے جیتے جاتے ہیں ، مسلم لیگ قائداعظم اور عوام کا تعلق خدمت کا تعلق ہے ، ہمیشہ لوگوں کی بھرپور خدمت کی ، یونین کونسل 53سے انتخابی مہم کا آغاز کر رہے ہیں ، انشاء اللہ خدمت کا مشن ہمیشہ جاری رہے گا ، سابق ناظم یونین کونسل 53اور پاکستان مسلم لیگ یوسی 53کے صدر راجہ محمد سکندر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چوہدری پرویز الٰہی کو حلقہ این اے 105میں خوش آمدید کہتے ہیں ، یونین کونسل 53میں بھرپور ورک کریں گے ، ناراض ساتھیوں کو راضی کریں گے ، حلقہ کے عوامی مسائل چوہدری برادران نے ہی حل کروائیں گے ، علاقہ کا بچہ بچہ جانتا ہے ، چوہدری برادران عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔

جب بھی کوئی مسئلہ درپیش ہوا چوہدری برادران نے حل کروایا ، اب ہم یوسی 53میں ریکارڈ ووٹوں کی لیڈ کیلئے بھرپور محنت کریں گے ، اور مخالفین کو ناکوں چنے چبوا دینگے ، مرکزی انجمن تاجران گجرات کے سابق جنرل سیکرٹری ظہور احمد مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم کا مقابلہ منافقین کے ساتھ ہے ، جس گھر کے چند افراد مسلم لیگ ن اور چند افراد پیپلز پارٹی میں ہوں وہ عوام کے مسائل کیا حل کریں گے ، عوام کو دھوکے میں رکھ کر اپنے مفادات کیلئے مختلف پارٹیوں سے وابستہ ہوں ، انشاء اللہ ہم چوہدری برادران کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے ، مہندی کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے یونین کونسل 53کی تمام کھوکھر برادری کی طرف سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ، جلسہ گاہ میں لوگوں کی ریکارڈ تعداد نے شرکت کی۔