پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسداد تمباکو نوشی کا دن ، آگاہی کیلئے ریلیاں

Smoking, Day

Smoking, Day

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسداد تمباکو نوشی کا دن منایا جا رہا ہے ، لاہور ، راولپنڈی اور ملتان میں تمباکو نوشی کے نقصانات سے آگاہی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔

لاہور میں ڈاکٹروں اور طلبا نے میو ہسپتال سے مال روڈ تک واک کی ، شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر تمباکو نوشی کے خلاف نعرے درج تھے ، شرکاء کا کہنا تھا کہ تماکو نوشی کرنے والے اپنے لیے بیماریاں اور موت خرید رہے ہیں۔

راولپنڈی میں بھی غیر سرکاری تنظیم کے زیر اہتمام تمباکو نوشی سے متعلق آگاہی واک کی گئی جس میں سول سوسائٹی ، ڈاکٹرز ، وکلاء ، تاجروں اور بچوں نے شرکت کی۔ سینئر ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی سے ہر سال 50 سے 60 لاکھ افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ ملتان میں تمباکو نوشی کیخلاف عالمی دن پر نشتر میڈیکل کالج کے طلبا نے کلمہ چوک تک ریلی نکالی۔ شرکا نے حکومت سے تمباکو نوشی کے خلاف ملک گیر مہم چلانے کا مطالبہ کیا۔