سی آئی اے نے پاکستان ،یمن میں 417 ڈرون حملے کیے،3 ہزار تین سو چونسٹھ ہلاکتیں

Drone Attacks

Drone Attacks

واشنگٹن(جیوڈیسک)امریکی سی آئی اے اور فوج نے اب تک پاکستان اور یمن میں چار سو سترہ ڈرون حملے کئے ہیں جن میں دہشت گردوں اور عام شہریوں سمیت تین ہزار تین سو چونسٹھ افراد مارے جا چکے ہیں۔ امریکی ڈرون حملوں کا ریکارڈ جمع کرنے والے نیو امریکا فائونڈیشن تھنک ٹینک کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے۔

اوباما انتظامیہ کے دور میں پاکستان میں ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا،امریکی ڈرون حملے پرویز مشرف حکومت کی اجازت سے شروع ہوئے تاہم اس کے بعد آنیوالی تمام پاکستانی حکومتیں ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔یمن میں اب تک انہتر ڈرون حملے کئے گئے،دو ہزار دو میں یمن میں ایک ڈرون حملے میں دس افراد مارے گئے۔

دوہزار چار میں پاکستان میں ایک حملے میں سات افراد، دوہزار پانچ میں پاکستان میں تین حملوں میں پندرہ افراد مارے گئے۔دوہزار چھ میں پاکستان میں ایک حملے میں چورانوے افراد کو نشانہ بنایا گیا،دوہزار سات میں پاکستان میں چار ڈرون حملے ہوئے جن میں ترینسٹھ افراد مارے گئے۔

دوہزار آٹھ میں پاکستان میں ڈرون حملوں کی تعداد سینتیس تک پہنچ گئی،جن مین تین سو ایک افراد جان بحق ہوئے۔دوہزار نو میں پاکستان اور یمن میں چھپن ڈرون حملوں میں چھ سو چونتیس افراد مارے گئے۔

دوہزار دس میں یمن اور پاکستان میں ایک سو تیئس حملوں میں آٹھ سو پچپن افراد لقمہ اجل بنے، دو ہزارگیارہ میں ستاسی ڈروں حملوں میں چھ سو سینتالیس افراد ہلاک ہوئے۔دو ہزار بارہ میں اکیاسی ڈرون حملوں میں چھ سو اکیس اور دو ہزار تیرہ میں ایک سو اٹھارہ افراد مارے گئے۔