کووِڈ-19 :فلسطین کے اعلیٰ مذاکرات کار عریقات کی حالت تشویش ناک، انتقال کی خبر کی تردید

Saeb Erekat

Saeb Erekat

فلسطین (اصل میڈیا ڈیسک) فلسطین کے سرکاری ٹیلی ویژن نے تنظیم آزادیِ فلسطین (پی ایل او) کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات کی وفات سے متعلق اطلاعات کی تردید کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ بقید حیات ہیں مگر ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

صائب عریقات اس وقت تل ابیب میں واقع ہداسا میڈیکل سنٹر میں زیرعلاج ہیں مگر ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

چند گھنٹے قبل الشرق ٹیلی ویژن چینل نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بریکنگ نیوز کے طور پر یہ اطلاع دی تھی کہ فلسطین کے اعلیٰ مذاکرات کار اور تنظیم آزادیِ فلسطین ( پی ایل او) کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات کووِڈ-19 کا شکار ہونے کے بعد چل بسے ہیں لیکن اس نے بعد میں اپنے سرکاری ٹویٹراکاؤنٹ سے اس خبر کو حذف کردیا ہے۔

65 سالہ صائب عریقات کو طبیعت بگڑنے کے بعد اتوار کو مغربی کنارے میں واقع فلسطینی شہر اَریحا (جیریکو) سے ایمبولینس کے ذریعے اسرائیلی شہر تل ابیب میں واقع ہداسا اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔

صائب عریقات نے 8 اکتوبر کو خود یہ اطلاع دی تھی کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔اس کے بعد وہ گذشتہ روز تک اپنے گھر ہی میں زیرِعلاج رہے تھے۔

پی ایل او کے محکمہ امورِ مذاکرات کے ایک بیان کے مطابق ڈاکٹر عریقات صحت کے دائمی مسائل سے بھی دوچار ہیں۔اب کووِڈ-19 کا شکار ہونے کے بعد سے ان کا نظامِ تنفس بگڑ گیا ہے اور انھیں علاج کے لیے اسپتال میں لے جانے کی ضرورت پیش آئی تھی۔اس لیے انھیں تل ابیب میں واقع ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔

صائب عریقات کے ایک پھیپھڑے کی 2017ء میں پیوندکاری ہوئی تھی۔اس کے بعد سے وہ نظامِ تنفس کے مسائل سے دوچار ہیں۔عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ انھیں اَریحا میں واقع ان کے مکان سے ایک اسٹریچر کے ذریعے اسرائیلی ایمبولینس میں منتقل کیا گیا تھا۔