مجھ سمیت پوری پارٹی کو جیل میں ڈال دو، عوام کے حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو

 Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے پورے خاندان اور پارٹی کو جیل میں ڈال دو لیکن عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ جمہوریت کے لبادے میں چُھپی آمریت سے ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم پاکستان میں فاشزم قائم کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے عمران کا چہرہ کیا تھا اور آج کیا ہے؟ انصاف کی بات کرنے والے کی سیاست آج انتقام کی سیاست ہے۔

آصف زرداری کا 4 سے 5 ماہ میں حکومت کے خاتمے کا دعویٰ

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ 18 ویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں، صوبوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں عوام کے حقوق چھیننے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج ملک کے حالات کو اس نہج پر لے آئے ہیں کہ ان کی حکومت کے پہلے ہی سال لوگ حکومت کے جانے کی دعا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان سُن لو، مجھے یا میرے خاندان یا پوری پارٹی کو جیل بھیج دو مگر 18 ویں ترمیم اور صوبائی خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔