پٹیل پاڑہ بم دھماکہ، ہلاک دہشتگرد ماضی میں ضمانت پر رہا ہوئے

Patel Para

Patel Para

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ بم دھماکے کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، زخمی حالت میں گرفتار مبینہ دہشت گرد نے ہلاک دہشت گردوں کی ماضی میں ضمانت پر رہائی سمیت دیگر اہم انکشافات کیے ہیں۔ دوسری جانب دھماکے کا مقدمہ زخمی عمران سمیت چار ملزموں کے خلاف درج کر لیا گیا۔ پیٹل پاڑا میں ہونے والے بم دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے دہشت گرد لائنز ایریا کے رہائشی نکلے، دھماکے میں۔

ہلاک ہونے والے دو دہشت گردوں کی شناخت سبحان اور متین الدین کے نام سے ہوئی، دھماکے میں زخمی مبینہ دہشتگرد عمران بھی لائنز ایریا کا رہائشی ہے۔ پولیس نے عمران اور اس کے بھائی عثمان کو بھی حراست میں لے لیا۔مبینہ دہشت گرد عمران کے مطابق بم ادھوری حالت میں سبحان لایا تھا، جو دھماکے میں ہلاک ہو گیا۔

دھماکے میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد متین کو اس سے پہلے سی آئی ڈی پولیس نے دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور وہ تین ماہ پہلے ہی ضمانت پر رہا ہوا تھا جبکہ ہلاک ہونے والے معین الدین کا بھائی عباس اللہ والا ٹان میں آصف رمدی کے ساتھ بم دھماکے میں ہلاک ہو چکا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کا تعلق لشکر جھنگوی کے آصف رمدی گروپ سے ہے۔ دھماکے کی جگہ سے ریموٹ کنٹرول، چندے کی پرچیاں اور کالعدم تنظیم کا لٹریچر بھی قبضہ میں لیا گیا ہے اور تفتیش تقریبا مکمل ہو چکی ہے۔ واقعے کا مقدمہ جمشید کوارٹر تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں زخمی عمران سمیت چار ملزموں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔