پی پی اور اے این پی نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا، ان کو اپنا راستہ مبارک ہو، شاہد خاقان عباسی

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جنرل سیکرٹری شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا ہے ، ان کے راستے الگ ہیں ان کو اپنا راستہ مبارک ہو۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کسی کو نہیں کہا کہ پی ڈی ایم سے استعفیٰ دوں گا، پیپلزپارٹی اور اےاین پی نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا ہے، ان کے راستے اب علیحدہ ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے فیصلوں پر عمل اور دفاع کرنا میرا کام ہے، آج بھی ملکی سیاست کا محور نواز شریف ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گروتھ کی الٹی سیدھی باتیں کرنے سے ملک نہیں چلے گا، ملک آئین اور قانون کی بالادستی سے چلتاہے، ڈاکے ڈالنے والے آج پرائیویٹ جہازوں میں باہر جا رہے ہیں،ملک کی خدمت کرنے والے آج عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، اس ملک میں انصاف کا عالم یہ ہے کہ ڈاکے ڈالنے والے پرائيویٹ جہازوں سے باہر جا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہر پاکستانی کی فی کس آمدن دو ہزار اٹھارہ کے مقابلے میں بیس فیصد کم ہوچکی ، حکومت کا کوئی معاشی قدم ایسا نہیں جو ملک کو بہتری دے سکے، کیا ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہے؟کیا ہمارا ملک آزاد کہلا سکتا ہے؟