ہم امن کے لئے ثالثی کرنے پر تیار ہیں: صدر ایردوان

 Tayyip Erdogan

Tayyip Erdogan

استنبول (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے روس۔یوکرائن بحران کے بارے میں کہا ہے کہ ” ہم امن کے لئے ثالثی کرنے پر تیار ہیں”۔

صدر ایردوان نے استنبول میں یوکرائن بحران پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبضے کی طرف کسی بھی نوعیت کی پیش قدمی یا پھر جنگ علاقائی امن و سکون کی سنجیدہ پیمانے پر خلاف ورزی کا سبب بنے گی۔ یہ صورتحال علاقے میں تشویشناک سطح پر بے اطمینانی پیدا کرے گی اور یہی نہیں بلکہ یوکرائن اور روس میں بد امنی بحیثیت ترکی ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی اور روس کے درمیان اچھے باہمی تعلقات پائے جاتے ہیں۔ یہ تعلقات سیاسی، فوجی، ثقافتی غرض ہر شعبے میں مستقل تقویت پکڑ رہے ہیں۔ یوکرائن کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات ایسے ہی ہیں۔ ان مثبت حالات کا روس اور یوکرائن کے درمیان منفی شکل اختیار کرنا ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان قیام امن کے لئے ترکی ثالثی کے فرائض سرانجام دے سکتا ہے۔ ہم پہلے بھی کہہ چُکے ہیں کہ اس معاملے میں ہم پر جو بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ہم اُسے پورا کرنے کے لئے حاضر ہیں۔

آئندہ دنوں میں میں یوکرائن کا دورہ کر رہا ہوں اس دوران ہو سکتا ہے کہ صدر پوتن کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات ہو یا پھر دورہ ماسکو بھی ممکن ہے۔ ہم علاقے میں امن و امان کے خواہش مند ہیں اور اس کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لئے تیار ہیں۔