عوام کو سستی، بلاتعطل بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کو بجلی کے شدید بحران کا سامنا ہے جس کی وجہ سے معاشی ترقی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، کہتے ہیں سستی اور بلاتعطل بجلی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی زیرصدارت چار ملکی بجلی درآمد کے منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، کرغزستان، تاجکستان اور افغانستان کے وزرائے توانائی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو بجلی کے شدید بحران کا سامنا ہے۔بجلی بحران نے معاشی ترقی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاسا 1000 منصوبہ پاکستان کی پہلی ترجیح ہے،یہ منصوبہ ایک ارب ڈالر کی لاگت سے مکمل ہو گا۔عوام کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بہت سے منصوبے زیر تعمیر ہیں جبکہ متعدد نئے منصوبے بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔