عوام کو تحفظ فراہم کرنے والا کوئی نہیں حکمران بے حس محافظ بے بس اور ادارے بے اختیار ہیں

کراچی : نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے آرگنازر و چیئرمین عمران چنگیزی کی قیادت میں نوجوانوں بزرگوں خواتین اور معصوم بچوں پر مشتمل سینکڑوں افراد نے بابائے قوم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور ملک کی موجودہ صورتحال پر بابائے قوم سے فریادکی ۔ عمران چنگیزی نے بانی پاکستان کو عوام کی جانب سے شکایت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے قائد ! تیرے پاکستان کو منافقوں مفاد پرستوں عوام دشمنوں ‘استحصالیوں کرپٹ عناصر اور لٹیروں و دہشت گردوں کا پاکستان بنانے کی سازش ہورہی ہے۔

عوام کوطبقاتی تضاد کے ذریعے غریب و امیر میں بانٹ کر غریب کو محروم اور امیر کو با اختیار بنانے ولاوں نے صوبائیت تعصب لسانیت اور فرقہ پرستی کے ذریعے عوام کو انتشار میں بانٹ دیا اور اب بادامی باغ جیسے واقعات کے ذریعے مذہبی تصادم پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے جبکہ گر تحفظ فراہم کرنے والے بے بس انصاف کرنے والے بے اختیار حکومت کرنے والے بے حس اور عوام نفسا نفسی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے امن برباد معیشت غرقاب صنعت و تجارت سبوتاژ ‘ تعلیم تباہ’ ‘ اور قوم عدم تحفظ کا شکارہے۔

آنے والی نسلوں کا مستقبل ہمارے حال سے زیادہ بھیانک دکھائی دے رہا ہے۔ سانحہ کوئٹہ سانحہ عباس ٹاؤن اور سانحہ بادامی باغ ثابت کررہے ہیں کہ پاکستانیوں کو نہ گھر سے باہر امان حاصل ہے اور نہ وہ گھر کے اندر محفوظ ہیں۔ ان حالات میں مظلومین کی فریاد سننے اور دادرسی کرنے والا کوئی نہیں!یہی وجہ ہے کہ آج ہم بہت مجبور ہوکر تیرے پاس فریاد لائے ہیں۔

بانی پاکستان اپنے بنائے اس ملک کو خدا کی اس نعمت کوخانہ جنگی شکست و ریخت تباہی و بربادی سے بچانے کیلئے کچھ کر کیونکہ آج پھر تیرے اسی کردار کی ضرورت ہے جو تو نے پاکستان بناتے ہوئے ادا کیا تھا مگر افسوس کہ آج تو ہم میں نہیں اور ہمیں متحد و یکجا کرنے والا کوئی دوسرا نہیں ہے جو تیرا نعم البدل بن کر تیرے بنائے گئے اس پاکستان کو تباہی و بربادی سے بچانے کیلئے قوم کو متحدویکجا کرے اور نفرتیں مٹاکر محبت کو فروغ دے۔