عوام الیکشن میں ملک و اسلام دوست امیدواروں کو ترجیح دیں غریب عوام ووٹ کی طاقت سے سبز باغ دکھانے والوں کا احتساب کریں، ڈاکٹر رفیق غنچہ

تحریک تحفظ پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل اور اسلام آباد کے حلقہ این اے 49 سے امیدوار برائے قومی اسمبلی ڈاکٹر رفیق احمد غنچہ نے کہاکہ نے کہا ہے کہ پچھلے پانچ سالوں میں اٹھارہ کھرب کی کرپشن نے ملک کی معاشی بنیادں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ملک کی آدھی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکی ہے۔بیروزگاری کے عفریت نے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے زرداری اور اسکے حواریوں نے ملک کو تباہی کے کنارے پر پہنچا دیا ہے۔

اگر قومی دولت کا درست استعمال کیا جاتا تو آج ملک اندھیروں میں نہ ڈوبا ہوتا ،زرداری حکومت نے بھی سابق ڈکٹیٹر مشرف کی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھا ،جس کے باعث ملک طرح طرح کے بحرانوں سے دوچار ہوا آبپارہ اسلام آباد میں کارنر میٹنگ سے خطاب کر تے ہوئے ڈاکٹر رفیق احمد غنچہ نے کہا کہ اگر عوام نے ووٹ کے ذریعے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھیوں کو منتخب کیا۔

تو بہت جلد ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا ،توانائی بحران کے خاتمہ سے ملک کے 80فیصد مسائل خود بخود حل ہوجائیں گے عوام ملک کو بحرانوںسے نکالنے کیلئے تحریک تحفظ پاکستان کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور اگر ایسا نہ ہوا تو انقلابی تبدیلی اور ترقی و خوشحالی محض خواب رہے گا۔