عوام کا خون نچوڑنے سے بہتر ہے عمران خان ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں، شہباز شریف

 Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کا خون نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔

شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے، منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانا مظلوم عوام کی بددعائیں لینا ہے ،ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟، غریب آدمی گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟، پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، پھر عمران نیازی کہتے ہیں کہ قوم کو مہنگائی بڑھنے کی وجہ سمجھ نہیں آتی؟،قوم کو 46 روپے لیٹر پٹرول کا وعدہ کرکے عمران نیازی نے پٹرول کی قیمت 137 روپے فی لیٹر سے زیادہ کر دی۔ 20 ہزار تنخواہ والے کا 10 ہزار بجلی کا بل آ رہا ہے، 10 ہزار تنخواہ پانے والا کیا کھائے گا ؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟۔

شہباز شریف نے کہا کہ رعایتی نمبر ملنے کے باوجود عمران نیازی ملک اور عوام کی خدمت میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں ، عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں، مہنگائی بڑھے تو وزیراعظم کرپٹ ہے ، اپنی کہی بات پر عمل کریں، ایسے شخص کو وزارت عظمی سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں۔