پیپلز پارٹی کا مرکزی سیاسی سرگرمیاں کراچی سے لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ

People's Party

People’s Party

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے کراچی کے بجائے لاہور کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی سربراہی میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کو پنجاب میں فعال کرنے کے لئے تفصیلی غور ہوا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں پارٹی معاملات کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری خود دیکھیں گے، پارٹی کو فعال بنانے کے لئے نیا خون شامل اور نئے چہروں کو پارٹی کی انتظامی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

پیپلز پارٹی کی قیادت نے مرکزی سرگرمیاں بھی بلاول ہاؤس کراچی سے بلاول ہاؤس لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں پارٹی کی مرکزی قیادت بذات خود بیٹھے گی، اس سلسلے میں تمام صوبائی عہدیداروں کو مطلع کردیا گیا ہے ، سیاسی سرگرمیوں کی منتقلی کا کام ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔