پرویزمشرف کے حق میں مظاہرہ کرنے والے آل پاکستان مسلم لیگ کا نام استعمال نہ کریں

کراچی : محافظ پاکستان اور محسن عوام پرویز مشرف کے ساتھ روا ناروا سلوک کے خلاف احتجاج اور پرویز مشرف کی رہائی کے حق میں مظاہرے کرنے والے تمام محبان پرویز مشرف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری شاہد قریشی نے کہا ہے کہ مشرف کے حق میں مظاہرے کرنے والے اپنی پر امن جدوجہد کو آئین وقانون کے دائرے میں رکھیں۔

ان مظاہروں کے انعقاد یا خبروں کی اشاعت کیلئے آل پاکستان مسلم لیگ یا اے پی ایل عہدیداران کا نام استعمال کرنے سے گریز کریں ۔ شاہد قریشی نے یہ بات انفارمیشن سیکریٹری سندھ طاہر حسین سید کے ہمراہ میڈیا کانفرنس کے دوران گذشتہ دنوں ایک نجی احتجاجی مظاہرے کیلئے آل پاکستان مسلم لیگ اور اے پی ایم ایل کراچی ڈویژن شعبہ خواتین کی جنرل سیکریٹری نجمہ مینائی کا نام استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر نجمہ مینائی نے بتایا کہ میں نے ایسے کسی مظاہرے میں شرکت نہیں کی اور میرا نام ذاتی تشہیر کی خاطر استعمال کیا گیا جو یقینا غیر اخلاقی غیر قانونی عمل ہے جس کی تائید کسی طور نہیں کی جاسکتی جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ ایسے کسی بھی عمل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔