پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان

Peshawar Rain

Peshawar Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ مو سمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آج صبح سے آسمان پر بادل چھائے رہے، جس کے بعد دوپہر کو ٹھنڈی اور تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہو ئی ،جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ پشاور میں موسلا دھار بارش سے موسم کی شدت میں تو کمی آگئی تاہم بعض علاقے پانی سے بھر گئے، اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔

محکمہ مو سمیات کے مطابق گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کی گئی بارش کے مطابق پشاور میں 9 ملی میٹر، تیمرگرہ 10 ملی میٹر، دیر 75 ملی میٹر، میرکنی کالام 4 ملی میٹر،سیدوشریف 6 ملی میٹر، مالم جبہ 38 ملی میٹر، پاراچنار 5 ملی میٹر ،چراٹ 46 ملی میٹر اور کاکول میں 50 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ہے۔