پشاور : سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ، 6 اہلکار شہید، 2 زخمی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) کے علاقے متنی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ سے 6 اہلکار شہید اور 2زخمی ہوئے، جوابی کاروائی میں چار دہشت گرد بھی مارے گئے۔ ادھر گلبہار تھانے پر دستی بم حملے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ متنی کے علاقہ سرہ خاوڑا میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ اور راکٹ سے حملہ کر دیا جس سے موقع پر ہی 6 اہلکار شہید دو زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کاروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

اس سے پہلے گلبہار تھانے پر دستی بم حملے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دستی بم سکندر خان فلائی اوور سے پھینکا گیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ تھانے کے اندر کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔