وزیراعظم کی اپیل پر ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ’کشمیر آور‘ منایا جا رہا ہے

Kashmir Protest

Kashmir Protest

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر کے عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو واضح پیغام بجھوانے کیلئے کشمیر آور منا رہے ہیں۔

دوپہر 12 بجتے ہی وزیراعظم عمران خان اور کابینہ اراکین سمیت دیگر شخصیات وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے جمع ہوگئے جہاں سائرن بجائے گئے اور پہلے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے بعد کشمیر کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔

دوپہر 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک کو بھی روک دی گئی جب کہ ٹرینیں ایک منٹ کے لیے روکی گئیں۔

‘کشمیر آور’ کی مرکزی تقریب شاہراہ دستور پر ہوگی جہاں وزیراعظم عمران خان ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ پہنچیں گے۔ وزیراعظم پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں طلبہ اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی کال پر پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جمعے کو سڑکوں پر نکلے گی۔

اسلام آباد میں دن 12 بجے سے آدھے گھنٹے کے لیے ٹریفک سگنل سرخ کردیے گئے جس سے شہر بھر میں ٹریفک رک گیا۔

دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی سال کے آغاز پر بلایا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی مؤخر کر دیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کررہے ہیں جبکہ احتجاج کیلئے سول سوسائٹی اور طلباء کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

ملک بھر کے تمام اضلاع میں احتجاج کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپا گیا۔

وزیراعظم کی جانب سے کشمیریوں سے یکجہتی کی اپیل پر وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملک میں چلنے والی تمام 138 ٹرینیں ایک منٹ کیلئے روکنے کا اعلان کیا۔