شہباز شریف کا نندی پور پاور پراجیکٹ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کئی سالوں سے تعطل کا شکار نندی پور پاور پراجیکٹ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گڈ گورننس سے توانائی بحران کا حل نکالیں گے۔ لاہور میں سی ای او سمٹ ایشیا 2013 سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی لاگت پچھلی حکومت کی پالیسیوں کے باعث 22 ارب روپے سے بڑھ کر 51 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان جیسا ملک ایسی تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سب سے بڑا توانائی بحران ہے۔ جس کو حل کرنے کیلئے موجودہ حکومت تندہی سے کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 500 ارب روپے سے زائد گردشی قرضے ہیں جبکہ 207 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے۔ توانائی بحران کا قلیل المدتی حل بجلی چوری روکنا ہے جوگڈ گورننس سے ممکن ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ کراچی، کوئٹہ اور خیبر پختون خواہ میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں، پنجاب میں حالات بہتر ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ پورے ملک میں امن و امان قائم ہو اس کے لئے پولیس کے نظام میں بہتری لانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ترکی اور دوبئی کا پولیس سسٹم ملک میں نافذ کر دیا جائے تو نہ صرف امن قائم ہوگا بلکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ انرجی مکس میں بہتری تک بجلی کی قیمت میں کمی نہیں لائی جا سکتی۔ سستی توانائی کیلئے کوئلہ اور ایل این جی درآمد کرنا ہوگی۔