انار کلی دھماکے میں 2 کلو سے زائد بارودی مواد استعمال ہوا، تحقیقاتی رپورٹ

Anarkali explosion

Anarkali explosion

لاہور(جیوڈیسک) پولیس نے پرانی انار کلی بم دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے، دو کلو سے زائد دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا اور اس میں نٹ بولٹ اور بیرنگ استعمال نہیں کئے گئے۔ پرانی انارکلی میں ہفتہ کی شب ہو نیوالے بم دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پولیس حکام کو پیش کر دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے لئے ٹائم ڈیوائس استعمال کی گئی۔

اور دھماکے میں استعمال ہونیوالے بم کا وزن آدھا کلو نہیں بلکہ دو سے ڈھائی کلو گرام تھا بم میں استعمال ہونیوالا دھماکہ خیز مواد اس سے قبل لاہور میں کریکر دھماکوں میں استعمال ہو چکا ہے۔ رپورٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس بم میں دہشت گردوں نے نٹ بولٹ اوربیرنگ استعمال نہیں کئے اور جو افراد جاں بحق یا زخمی ہوئے ہیں وہ شیشہ لگنے یا ارد گرد موجود اشیا کے لوہے کے ٹکرے لگنے سے زخمی ہوئے۔

سی سی پی لاہور نے دھماکے کی تحقیقات کے لئے سی آئی اے، پولیس انویسٹی گیشن اور سی آئی ڈی کے افسر پر مشتمل ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد سات افراد کو گرفتار جبکہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے سو سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کی تحقیقاتی ٹیموں نے عینی شاہدین اور ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کے بیانات بھی قلمبند کیے ہیں تاکہ تحقیقات کے عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔