مقبولیت کا راگ الاپنے والے معقولیت کا مظاہرہ کریں عمران چنگیزی

کراچی : عوامی مقبولیت کے دعوے کرنے والے سیاستدانوں و قائدین اور دولت کے بل پر جعلی سروے کی مدد سے عوامی مقبولیت میں خود کو سب سے آگے ظاہر کرنے کی کوشش میں مصروف خود ساختہ مقبولیت کے فریب کا شکار تمام سیاستدانوں قائدین اور سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے آرگنائزر عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ وقت بدل چکا ہے۔

آزاد میڈیا نے سب کے چہروں سے نقاب ہٹاکر عوام کو تمام سیاستدانوں کے ظاہر و باطن سے آگاہ کردیا ہے سیاستدان اب پرفریب نعروں جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے دعووں سے عوام کو بہلانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے اسلئے سیاستدان وقیادتیں مقبولیت کا راگ الاپنے کی بجائے معقولیت کا مظاہرہ کریں حقیقی معنوں میں ملک و قوم سے مخلص ہوکر اپنے کرداروعمل سے اس خلوص کا اظہار کریں تو عوام ان کے ساتھ ہوگی۔

انہیں کسی بھی بیرونی تنظیم میڈیا یا کسی اور ادارے سے کروڑوں روپے خرچ کرکے مقبولیت کے سرٹیفکیٹ نہیں لینے پڑیں گے بلکہ عوام خود انہیں اپنے کاندھوں پر بٹھاکر اقتدار کے ایوان تک پہنچادیں گے مگر شرط صرف حب الوطنی عوام دوستی اور خلوص ونیت ہے۔