کسی بھی صورت بجلی کا ضیاع برداشت نہیں، وزیرِ اعظم نواز شریف

PM Nawaz Sharif

PM Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ کسی صورت میں بھی بجلی کا ضیاع برداشت نہیں کیا جا سکتا، وہ جنگی بنیادوں پر کام کر کے بجلی کی پیداوار بڑھانے اورتوانائی کے بحران کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں توانائی بحران پر قابو پانے سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے پورٹ قاسم اور گڈانی میں پاور پلانٹس لگانے پر کام شروع کرنے کی منظوری دی اوران منصوبوں کی موثر نگرانی کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ آفس قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نندی پور اور نیلم جہلم ہرصورت پرمقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ وزارت پانی وبجلی کی طرف سے توانائی منصوبوں کے بارے میں بریفننگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ جامشورو میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جو دو سالوں میں مکمل ہوگا۔ سال 2016 تک ہوا سے دوہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ مکمل ہو گا جبکہ تاجکستان اور کرغزستان سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی درآمد کا منصوبہ 2017 میں مکمل ہو گا۔

تربیلا ڈیم کا 1250 میگاواٹ کا توسیعی منصوبہ اور پنجاب حکومت کا قائد اعظم سولر پارک کا ایک ہزار میگاواٹ کا منصوبہ بھی 2017 میں مکمل ہو گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ توانائی بحران کا جلد از جلد خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ بجلی چوری اور لائن لاسز کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔