کراچی میں بچہ چھین کر بھاگنے والی 2 خواتین کو اہلِ محلہ نے پکڑ لیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں جمشید روڈ سے اسلحے کے زور پر بچہ چھین کر فرار ہونے والی دو خواتین کو اہل محلہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ایس پی جمشید ٹاون رانا شعیب نے ذرائع کو بتایا کہ جمشید روڈ نمبر دو پر دو خواتین ایک خاتون سے اسلحے کے زور پر بچہ چھین کر فرار ہونے لگی تاہم خاتون نے شور مچا دیا، جس پر اہل محلہ جمع ہوگئے۔

دونوں خواتین کو ایک پستول سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ اغوا کار خواتین کی شناخت لیاری کی رہائشی نگینہ اور یو پی موڑ کی رہائشی ملائکہ کے نام سے ہوئی ہے، ایس پی جمشید ٹاون کے مطابق دونوں خواتین کو تفتیش کے لیے جمشید کوارٹرز تھانے منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے تفتیش جاری ہے تاہم شبہ ہے کہ وہ اس سے قبل بھی اس نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہ چکی ہیں۔