بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث ملک کا معاشی ڈھانچہ بری طرح تباہ ہوکررہ گیا ہے، روحیل اکبر چوہدری

تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنماء روحیل اکبر چوہدری نے ملک میں بڑھتی ہوئی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال حکمرانوں کی مبینہ بد اعمالیوں کامنطقی نتیجہ ہیں ،جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے ،جبکہ دوسری طرف بجلی کی طویل لو ڈشیڈنگ کے باعث ملک کا معاشی ڈھانچہ بری طرح تباہ ہوکررہ گیا ہے ،جسکے ہماری برآمدات پر منفی نتائج مرتب ہورہے ہیں ۔

،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران پاور جنریشن کمپنیوں کو انکے واجبات کی ادائیگی کی بجائے بجلی کے بلوں کی صورت میں جمع ہونے والی رقوم مبینہ طور پر اپنی عیاشیوں پرخرچ کرنے میں مصروف ہیں ،اور اس صورتحال کے باعث پاور کمپنیوں نے بجلی کے پیداواری یونٹ بند کررکھے ہیں ،جسکے نتیجہ میں ملک وقوم کو تاریخ کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،صنعتیں بند پڑی ہیں اور ان میں کام کرنے والے مزدور بے روز گار ہوکررہ گئے ہیں