ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا بجٹ کی منظوری روکنے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

Shahbaz Sharif - Bilawal Bhutto

Shahbaz Sharif – Bilawal Bhutto

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی سے بجٹ کی منظوری کو روکنے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ میں ملاقات کے بعد بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجٹ مزدور، کسان، عوام اور غریب دشمن ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ یہ پاکستان کا نہیں غیرملکی بجٹ ہے،اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو مل کر عوام دشمن بجٹ کو روکنا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی شہباز شریف سے اپوزیشن چیمبر میں ملاقات ہوئی جس میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کیلئے 25 اور 26 جون کی تاریخیں تجویز کی گئیں۔

ملاقات میں خورشید شاہ، راجا پرویز اشرف، خواجہ آصف، رانا تنویر، مریم اورنگزیب موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں بجٹ امور سمیت پروڈکشن آرڈرز پر بات چیت کی گئی۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز بلاول اور شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں۔

ان ملاقاتوں میں جون کے آخر میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔