پیپلزپارٹی رہنما عوامی تحریک کے یوم شہدا میں شرکت نہ کریں، زرداری

Zardari

Zardari

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنے پارٹی کے اراکین کو پاکستان عوامی تحریک کے دس اگست کو منعقد ہونے والے یوم شہدا میں شرکت سے روک دیا ہے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری سردار لطیف کھوسہ نے اعلان کیا تھا کہ ان کے پارٹی کے نمائندے عوامی تحریک کی تقریب میں شرکت کریں گے جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شرکا کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ قرآن خوانی میں شرکت سے کسی کو کیا نقصان ہو سکتا ہے۔

تاہم آصف زرداری نے لطیف کھوسہ کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے اپنے پارٹی اراکین کو عوامی تحریک کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر سابق صدر پاکستان نے رہنماؤں کو خبردار کیا کہ وہ طاہر القادری کے انقلاب مارچ یا عمران خان کے آزادی مارچ کے حوالے سے بیانات جاری کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔

آصف زرداری کے ترجمان فرت اللہ بابر نے کہا کہ ہم ہلکا سا بھی تاثر نہیں دینا چاہتے کہ پیپلز پارٹی طاہر القادری کی حمایت کر رہی ہے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ہم ماڈل تاؤن سانحے کی مذمت کرتے ہیں اور ہماری ہمدردیاں مقتولین کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں لیکن پیپلز پارٹی پاکستانی عوامی تحریک کی تقریب میں شرکت نہیں کرے گی کیونکہ اس سے تاثر جائے گا کہ ہم ڈاکٹر قادری کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس معاملے پر ہماری پارٹی کا موقف ہے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع نے مزید کہا کہ زرداری اس وقت جمہوریت کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے مختلف سیاسی رہنماؤں سے رابطے کر رہے ہیں لہٰذا وہ کوئی ایسا تاثر نہیں دینا چاہتے جس سے لگے کہ ان کی جماعت اس نازک سیاسی صورتحال میں تحریک انصاف یا پاکستان عوامی تحریک کی حمایت کر رہی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ زرداری چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے رہنما یہ واضح پیغام دیں کہ ان کی جماعت جمہوری قوتوں کے ساتھ اور مسلم لیگ ن کی حکومت کی مکمل حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مدت بھی پوری ہوتے دیکھنا چاہتی ہے۔