‘پیپلزپارٹی وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے کی حمایت نہیں کرتی

Syed Khursheed Shah

Syed Khursheed Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کے مطالبے کی حمایت نہیں کرتی۔

جمعہ کے روز انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ’’پیپلزپارٹی اس مطالبے کی حمایت نہیں کرسکتی اور مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم مستعفی نہیں ہوں گے۔‘‘

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ان کے لانگ مارچ کے شرکاء اسلام آباد میں اس وقت تک قیام کریں گے، جب تک کہ ان کا مطالبہ پورا نہیں ہوجاتا۔

خورشید شاہ نے گوجرانوالہ میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کی مذمت کی اور کہا کہ حزب اختلاف کی جماعت کے قافلے پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیٔے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ایسی صورتحال پیدا کرنے سے گریز کریں، جس پر قابو نہ پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا ’’اس طرح کے حالات میں شرپسند اپنے طے شدہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے پریشانیاں پیدا کرسکتے ہیں۔‘‘

ایک علیحدہ بیان میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے عمران خان کے قافلے پر حملے کی مذمت کی اور اسے سیاسی اختلاف رائے کو برداشت نہ کرنے کا مظاہرہ قرار دیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ’’عدم برداشت کے اس طرز کے مظاہرے صرف صورتحال کو خراب کریں گے۔‘‘

زرادری نےاس حملے کے لیے ایک انکوائری کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ مجرموں کو گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔