وزارت عظمی کے لیے اعتماد کا ووٹ مانگا گیا تو دیں گے، خورشید شاہ

Khurishid Shah

Khurishid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ انتخابات میں شفافیت پر سوالات اپنی جگہ مگر نواز شریف کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔

پیپلز پارٹی تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر اپوزیشن کرے گے۔ اگر نواز شریف حکومت نے پانچ سال پورے کرلیے تو جمہوریت پر ڈاکے کا خطرہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ان کی جماعت نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر 80 فیصد عملدرآمد کردیا ہے۔

مزید 20 فیصد کی تکمیل آنے والی حکومت کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہر قومی مسئلے پر نئی حکومت کا ساتھ دے گی اور قومی مفاد کے مطابق ہر آئینی ترمیم کی حمایت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں سندھ سے پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ ملا مگر پنجاب کے انتخابی نتائج کو دیکھ کر لگتا ہے کہ لسانی بنیادوں پر دھاندلی کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ آئندہ انتخابات کی بنیاد قومی سوچ اور قومی ایجنڈا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس اور اس پر ایکشن لینا الیکشن کمیشن کا فرض ہے۔ الیکشن کمیشن کوسزاوں کا تعین کرنے کا اختیار نہیں اور نہ ہی وہ پارلیمنٹ کا کردار ادا کرنے کی کوشش کرے۔