صدارتی انتخاب 6 اگست کو، چیف الیکشن کمشنر نے منظوری دیدی

Chief Election Commissioner

Chief Election Commissioner

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن پاکستان نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب کا عمل 9 اگست سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، آئین کے تحت صدر کی مدت پوری ہونے سے 30 روز قبل انتخاب کرانا ضروری ہے جبکہ صدر کے مستعفی ہونے کی صورت میں 30 روز کے اندر انتخاب کرانا ہوتا ہے۔

الیکشن کمیشن صدارتی انتخاب کا عمل 9 اگست سے قبل مکمل کر لے گا ۔نئے منتخب ہونے والے صدر موجودہ صدر آصف زرداری کی مدت ختم ہونے پر حلف اٹھائیں گے۔ملکی تاریخ میں پہلی بارصدر اپنی آئینی مدت پوری کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق پہلی مرتبہ صدر کی موجودگی میں نئے صدرکا انتخاب عمل میں آئے گا۔

صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع کرائے جائیں گے جبکہ 26 جولائی کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہو گی، 29 جولائی کو کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکیں گے،6 اگست کو صدارتی انتخاب اور 7 اگست کو نتائج جاری کردیئے جائیں گے۔ صدارتی انتخاب کے شیڈول کی چیف الیکشن کمشنر نے منظوری دے دی ہے۔